عالمی یوم مزدور کل منایا جائیگا
لاہور (اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم مزدور کل یکم مئی بروز اتوار کو بھرپور طریقے سے منایا جائیگا۔ مذکورہ دن یکم مئی 1886ء کو شکاگو میں مزدوروں کی جانب سے اوقات کار میں کمی اور بہتر حالات کار کیلئے شروع کی گئی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو دنیا بھر کے محنت کشوں کیلئے تاریخ کے سنہری باب کا حصہ بن کر مشعل راہ کا روپ دھارتے ہوئے سامنے آئیں۔ اس موقع پر کروڑوں مزدور اپنے حقوق کی جدو جہد کے دوران قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے رفقاء کو عقیدت و احترام کے ساتھ خراج تحسین پیش کریں گے جبکہ اس موقع پر تمام شہروں میں ریلیوں، جلسے جلوسوں، سیمینارز، کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائیگا جن میں تمام سیاسی جماعتوں، مزدور تنظیموں کے علاوہ سول سوسائٹی کے تمام طبقات شرکت کریں گے۔