• news

مطالبات منظور نہ ہونے پر ینگ ڈاکٹرز کا 11 مئی سے حکومتی ایوانوں کے گھیرائو کا اعلان

لاہور (نیوز رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب نے تنخواہ میں اضافے سمیت دیگر مطالبات منظور نہ کئے جانے پر11مئی سے حکومتی ایوانوں کے گھیرائو کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ضمن میں جناح ہسپتال میں وائے ڈی اے کے رہنماؤں ڈاکٹر اجمل، ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈاکٹر عدنان گوندل، ڈاکٹر خزیمہ سمیت دیگر کا کہنا تھا حکومت کی جانب سے 2011ء میں وعدہ کیا گیا تھا تین قسطوں میں ڈاکٹرز کی تنخواہیں عدلیہ کے برابر کردی جائیں گی لیکن آج اس بات کو پانچ سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن وعدہ ایفا نہیں ہو سکا۔ علاوہ ازیں ہیلتھ بجٹ میں 15فیصد کمی کرکے اورنج ٹرین جیسے منصوبے شروع کئے گئے اور ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ڈاکٹرز کو اپ گریڈ کرکے انکا گریڈ اٹھارہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹرز کی جانب سے روڈ بلاک کرکے بھی احتجاج کیا گیا لیکن حکومت کو عوام کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں ہے اسلئے گیارہ مئی کو ہر صورت حکومتی ایوانوںکی طرف مارچ ہوگا اگر حکومت نے گیارہ مئی تک مسئلہ حل نہ کیا تو پھر حکومت کو تماشہ دیکھنا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن