• news

پھول نگر: 3 دن قبل اغوا ہونیوالی 13 سالہ لڑکی زیادتی کے بعد قتل

پھول نگر/ جلالپور جٹاں (نامہ نگاران) تین دن قبل اغواء ہونے والی تیرہ سالہ لڑکی زیادتی کے بعد قتل، ورثاء کا تھانہ سٹی پولیس کے خلاف احتجاج، تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ پھول نگر تھانہ سٹی کے علاقے محلہ صابری کی شہناز بی بی کی بیٹی ارشاد بی بی اغواء ہو گئی تھی جس پر لڑکی کے ورثاء نے تھانہ سٹی کے محرر جہانگیر اور ایس ایچ او تھانہ سٹی کو اطلاع دی۔ تھانہ سٹی پولیس نے کوئی بھی کارروائی نہ کی۔کمسن بچی کی زیادتی کے بعد نعش مل گئی۔ لڑکی کی والدہ شہناز بی بی نے پولیس کے خلاف سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا اس نے کہا اگر پولیس بروقت کارروائی کرتی تو آج ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ پولیس ہماری بچی کو لاوارث قرار دیکر مقامی قبرستان میں دفن کرنے لگی تھی۔ ہم ڈی پی او قصور علی، ڈی آئی جی شیخوپورہ، آئی جی پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں غفلت اور لاپرواہی میں مرتکب پولیس اہلکاروںکے خلاف کارروائی کی جائے جب حقائق جاننے کیلئے ایس ایچ او سٹی طاہر سے رابطہ کیا گیا تو اس نے ٹال مٹول سے کام لینا شروع کر دیا۔ علاوہ ازیں جلالپور جٹاں کے محلہ فیصل کالونی کے افتخار احمد کی درخواست پر پولیس تھانہ سٹی جلال پور جٹاں نے مبینہ ملزم ڈاکٹر عرفان الٰہی کو ایک سالہ بچے اذان کے ساتھ زیادتی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن