• news

دھرنے سے’’ امپائر‘‘ کی انگلی اٹھی اور نہ پانامہ لیکس پر اٹھے گی: ساجد میر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ دھرنے سے’’ امپائر‘‘ کی انگلی اٹھی نہ پانامہ لیکس پر اٹھے گی، تبدیلی بلٹ سے نہیں بیلٹ سے ہی آئے گی، اپوزیشن احتساب کے نام پر ماضی جیسے کسی ماورائے آئین اقدام کا خواب دیکھ رہی ہے مگر اب پاکستان بدل گیا ہے۔ عوام باشعور ہو چکے ہیں اور تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔ اب کوئی طالع آزما نہیں آئے گا۔ جامعہ ابراہیمیہ میں خطبہ جمعہ کے بعد کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چور دروازے سے اقتدار کے سارے راستے بند ہو چکے ہیں۔ سیاسی محاذ آرائی اور پوائنٹ سکورنگ کی سیاست کرنے والے جمہوریت کی خدمت نہیں کررہے ۔ موجودہ اسمبلیاں اپنی آئینی میعاد پوری کریں گی۔ پیپلز پارٹی سندھ اور پی ٹی آئی کے پی کے میں اپنی کارکردگی دکھائیں۔ جوڈیشل کمشن کی تشکیل کا معاملہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے پاس جانے کے بعد اپوزیشن کے پاس حکومت کیخلاف سیاسی محاذ آرائی برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں رہا اور جہاں تک ٹی او آر کا تعلق ہے تو اس پر بیٹھ کر بات کی جا سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن