• news

گرمی کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی بڑھ گئی، لوگوں کا شدید احتجاج، ٹوبہ میں دھرنا

لاہور (نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جس پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 50 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں 6 سے 14 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر رہے جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا اور لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف مجلس مفاد عامہ کے زیر اہتمام شہباز چوک میں احتجاجی دھرنا دیا گیا اور نعرے بازی کی گئی جس میں شہریوں، وکلا اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اورگردونواح میں بجلی ،گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے شہریوں نے گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف تین مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ محکمہ سوئی گیس حکام کے مطابق بعض صارفین رات کوجنریٹر کا استعمال کرتے ہیں اس لیے شیخوپورہ شہر کی گیس رات 8 بجے سے8 بجے صبح تک گیس بند کردی جاتی ہے۔ نامہ نگاران کے مطابق چیچہ وطنی میں 3، 3 گھنٹے کی مسلسل لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جبکہ ملکوال، پیر محل اور دیگر شہروں میں بھی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس پر شہری سراپا احتجاج بنے رہے اور وہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مظاہرہ کرتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن