کوٹ ادو: شارٹ سرکٹ سے 4 گھروں میں آتشزدگی ، محنت کش کے4 بچے، بھابھی، بھتیجا جاں بحق
کوٹ ادو+ رینالہ خورد+ چوچک+ (نامہ نگار+ نمائندگان) کوٹ ادو میں 4 گھروں کو آگ لگنے سے محنت کش کے 4 بچے، بھابی اور بھتیجا جاں بحق ہو گئے تین زخمی ہو گئے جبکہ رینالہ خورد میں 2 گھر جلنے سے 5 سالہ بچہ دم توڑ گیا۔ تفصیل کے مطابق کوٹ ادو کے نواحی قصبہ سنانواں میں ٹھٹھہ روڈ پر مٹھا دربار کے قریب بدقسمت محنت کش عمران بھٹی جو سرکنڈوں سے گھروں میں چکیں بناکر گزر اوقات کرتا تھا کے گھر شارٹ سرکٹ سے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے عمران بھٹی کے بھائی اللہ وسایا بھٹی کے گھر سمیت 4 گھروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ شعلوں سے گھر میں رکھا تمام سامان جل کر راکھ ہو گیا اور عمران بھٹی کے 4 بچے حامد‘ ارسلان‘ حانیہ اور نورین جبکہ اللہ وسایا بھٹی کی بیوی آمنہ بی بی اور بیٹا طاہر عباس موقع پر زندہ جل گئے جبکہ عمران بھٹی کی بیوی حلیمہ بی بی‘ عرفان اور ایک نامعلوم شدید جھلس گئے جنہیں مظفر گڑھ ہسپتال لایا گیا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں تاخیر کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ ریسکیو اور متعلقہ ادارے تاخیر سے جائے حادثہ پر پہنچے جبکہ ہسپتال میں بھی طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے زخمیوں کا علاج بروقت نہ کیا جاسکا۔ مرنے والے تمام افراد سرکنڈوں کا کام کرتے تھے۔ زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا تو وہاں بھی بجلی بند ہونے کی وجہ سے انہیں کوئی طبی امداد فراہم نہ کی جاسکی جبکہ جنریٹر بھی کام نہیں کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال کا برن یونٹ بھی کام نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے مریضوں کا علاج نہیں کیا جاسکا، اس صورتحال پر مریضوں کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔ دوسری طرف رینالہ خورد کے گاؤں سخی ابدال ون اے جی ڈی میں شارٹ سرکٹ سے دو گھروں میں آتشزدگی کے باعث جھلسنے سے پانچ ماہ کا بچہ سیف اللہ جاں بحق، عمارت سمیت 25لاکھ روپے کا گھریلو سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ بتایا گیا ہے حساس ادارے کا ریٹائرڈ ملازم محمد حسین کھیتی باڑی کیلئے کھیتوں میں گیا ہوا تھا اس کی غیر موجودگی میں آگ بھڑک اٹھی اور چاروں کمرے گر گئے۔