قندوز میں رفاہی ہسپتال پر بمباری غلطی تھی، جنگی جرم نہیں : امریکی جنرل
واشنگٹن (رائٹرز) امریکی فوج کی تفتیشی ٹیم نے گزشتہ برس اکتوبر میں افغانستان کے شہر قندوز میں رفاعی ہسپتال پر بمباری کو انسانی غلطی قرار دیتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دینے سے انکار کیا ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں ایم ایس ایف یعنی میڈیسنز سانز فرنٹیئرز کے ہسپتال پر ہونے والی بمباری سے ایم ایس ایف کے عملے کے ارکان سمیت 42 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو گئے تھے۔ امریکی جنرل جوزف ووٹل نے صحافیوں کو بتایا بعض اہلکار رولز پر عمل کرنے میں ناکام ہوئے تھے۔ عملے کے کسی فرد کو یہ علم نہیں تھا کہ وہ ہسپتال پر بمباری کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے جبکہ تباہ شدہ ہسپتال کی تعمیر کیلئے 5.7 ملین ڈالر منظور کئے گئے ہیں۔