• news

افغانستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 64 شدت پسند ہلاک، ڈرون حملوں میں داعش کے18 جنگجو مارے گئے

کابل (اے پی پی+آئی این پی) افغانستان کی سکیورٹی افواج نے ملک کے مختلف حصوں میں کاروائیوں کے دوران 64شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے، ہرات میں اپیلیٹ کورٹ کے سربراہ سمیع الدین راحین کو نامعلوم افراد نے گولی مارکر ہلاک کردیا،خوست اور ننگرہار میں ڈرون حملوں میں داعش کے 18جنگجو مارے گئے۔افغان میڈیا کے مطابق کابل میں وزارت دفاع سے جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف کاروائیاں کی گئیں۔کاروائی میں فضائیہ نے بھی حصہ لیا۔ 30کے قریب شدت پسند قندوزکے ضلع چاردرہ میں مارے گئے۔صوبہ ہرات میں اپیلیٹ کورٹ کے سربراہ سمیع الدین راحین کو نامعلوم افراد نے گولی مارکر ہلاک کردیا۔صوبہ خوست میں ڈرون حملے میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔مقامی حکام کے مطابق خوست ڈسٹرکٹ میں جاسوس طیارے نے ایک چلتی کارکونشانہ بنایا۔ صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 15 جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبہ فرح میں ایک دھماکہ میں 5پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن