• news

فیصل آباد: دکانوں کے باہر سوئے3 دکانداروں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مدینہ ٹاؤن کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے دکانوںکے باہر سوئے ہوئے تین دکانداروں کو سروں میں تیز دھار آلہ سے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر تینوں مقتولین کی نعشوں کو قبضہ میں لے کرکارروائی شروع کر دی۔ تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ چک نمبر 208 ر۔ب کشمیر پل نزد اقصیٰ مسجد کے قریب چک نمبر 150 ج۔ب ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی 45 سالہ غلام اصغر نے چائے کا ٹی سٹال، چک نمبر 97 گ۔ب کے رہائشی محمد مشتاق نے الیکٹرانک کی دکان اور ٹوبہ کے نواحی علاقہ کے رہائشی محمد اکرم نے کریانہ کی دکان بنا رکھی تھیں تینوں دکاندار اپنی دکانیں بند کرکے دکانوں کے باہر ہی سو رہے تھے جمعہ کی رات تینوں کو نامعلوم افراد نے ان کے سروں میں تیز دھار آلہ سے وار کرکے قتل کر دیا، قاتل موقع سے کوئی چیز نہ لے کر گئے اور تینوں مقتولین کی آنکھوں میں سوئے بھی مارتے ہوئے آنکھیں اور جسم بے دردی سے چھلنی کر دیا۔ قتل کی اطلاع ملنے پر سینکڑوں دیہاتی موقع پر خواتین سمیت پہنچ گئے۔ خواتین آہ و بکاء کرتی رہیں، ہومی سائیڈ انسپکٹر میاں عابد، ایس ایچ او مدینہ ٹاؤن سب انسپکٹر مظہر عرفان نے موقع پر پہنچ کر تینوں مقتولین کی نعشوں کو قبضہ میں لے کر مقتول مشتاق احمد کے بھائی طاہر جاوید کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن