پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا مسئلہ‘ بھارت سے مل کر جلد اسے حل کرینگے: ٹرمپ
نیویارک (این این آئی + نیٹ نیوز) ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واقعی پاکستان کا نیوکلیئر طاقت ہونا پوری دنیا کیلئے ایک بڑا مسئلہ ہے اور اگر وہ امریکی صدر بن گئے تو وہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کرینگے۔ انڈیانا میں سوال و جواب کے سیشن کے دوران پاکستان کے بارے میں جب ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے تاہم اس نے ہمیشہ امریکہ کے ساتھ دوہرا معیار رکھا ہے جب آپ امریکی صدر منتخب ہو گئے تو پاکستان کے ساتھ کیسے نمٹیں گے؟ اس سوال کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ مجھے معلوم ہے کہ ہم پاکستان کی مالی امداد کرتے ہیں‘ اسکے باوجود وہ ہمارے ساتھ دوہرا معیار رکھتا ہے، ہم بعض اوقات خاموش اس لیے ہو جاتے ہیں کیونکہ پاکستان ایک تو ایٹمی ملک ہے اور دوسرا اْسکے پاس جدید ہتھیار ہیں۔ دونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ پاکستان سمیت 9 ایسے ملک اور بھی ہیں جو ایٹمی ہتھیار رکھتے ہیں ٗ حقیقت یہ ہے کہ اگر ہم پاکستان کی مالی مدد نہ کریں تو ہو سکتا ہے وہ اپنے ہتھیار کسی ایسے ملک کے ہاتھوں فروخت کر دے جس سے دنیا کا نقشہ ہی بدل جائے لہٰذا ہم مجبوری میں پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدارتی انتخابات کے پرائمری سے پہلے ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے۔ انڈیانا کے گورنر کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالف ٹیڈکروز کی حمایت کر دی گئی ہے۔ انڈیانا کے گورنر مائیک کا کہنا تھا اصولی طور پر قدامت پسند ٹیڈکروز کو اگلے ہفتے پرائمری میں ووٹ دوں گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک ہزار ایک مندوبین کی حمایت حاصل کر چکا ہوں۔ کنونشن سے پہلے نامزدگی حاصل کر لوں گا۔ ادھر امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دوسرے روز بھی ریاست کیلیفورنیا میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ڈونلڈ ٹرمپ اِس وقت ری پبلکن پارٹی کے داخلی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے نامزدگی کا حق حاصل کرنے کے انتہائی قریب ہیں۔ سان فرانسِسکو شہر کے ایک قریبی مقام پر ڈونلڈ ٹرمپ کی گاڑیوں کے قافلے کو مظاہرین نے کافی دیر تک ایک ہوٹل کے اندر جانے سے روکے رکھا۔ اِس مظاہرے میں کئی شرکاء نے میکسیکو کا جھنڈا بھی اٹھا رکھا تھا۔