• news

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری‘ کاروبار ٹھپ‘ شہری سراپا احتجاج

لاہور (نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ جاری‘ وہاڑی اور ڈونگہ بونگہ میں بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو بے حال کر دیا‘ کاروبار ٹھپ‘ گھروں‘ مساجد میں پانی بھی نایاب ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق وہاڑی اور گردونواح میں گرمی کی شدت اور مسلسل کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش نے شہریوں کا برا حال کر دیا‘ مریض‘ بچے‘ بوڑھے او خواتین کی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا‘ تاجروں کے کاروبار بری طرح ٹھپ ہو گئے‘ گھروں‘ مساجد میں پانی نایاب ہونے سے عوام بوند بوند کو ترس گئے جس پر عوامی و سماجی اور شہری حلقوں زاہد حسین‘ امجد علی‘ محمد اکرام‘ عرفات چودھری‘ زاہد علی محمد‘ خرم‘ شاہد ارشاد‘ محمد جاوید‘ عبدالستار‘ ایم صادق‘ ساجد علی اور سمیع اللہ اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا شہر و گردونواح میں صبح 8 سے شام 5 بجے تک میپکو حکام نے لائنوں کی مرمت کے نام پر بجلی بند رکھی جس سے پورا شہر کربلا کا منظر پیش کرنے لگا۔ ڈونگہ بونگہ اور گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہو گیا‘ کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ای پیپر-دی نیشن