میانوالی: زہریلے کھانے سے دادا پوتی جاں بحق، 6 بے ہوش
میانوالی+ موچھ +رحیم یار خان + گوجرانوالہ (نامہ نگار+ این این آئی+ نمائندہ خصوصی) نواحی علاقہ ٹھٹھی میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دادا عبدالرحمن پوتی تسنیم جاں بحق ہو گئے جبکہ تسنیم بی بی کی والدہ شہزادہ بی بی، یاسمین مقدس، مسکان بی بی، دلاور اور رمضان بے ہوش ہو گئے۔ انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی لایا گیا ہے جن میں سے ایک بچے دلاور کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے لاہور کے ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ بے ہوش ہونے والے بچوں کی عمریں 6 سال سے 15 سال تک ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گھر والوں نے بکری ذبح کرکے گوشت پکایا تھا۔ این این آئی کے مطابق رحیم یار خان کے علاقہ خان ویلا میں شادی کی تقریب میں زہریلا کھانا کھانے سے 40 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ دریں اثنا گوجرانوالہ کی گلشن کالونی کے رہائشی محنت کش عمران کے بچوں 9 سالہ میرب، 7 سالہ کرن، 6 سالہ ایمان فاطمہ، 4 سالہ مافیہ اور ڈیڑھ سالہ علی نے محلے دار کے گھر سے تقسیم کیا جانیوالا نیاز کا حلوہ کھایا جسے کھاتے ہی بچوں کی حالت غیر ہوگئی۔ ڈاکٹر کے مطابق بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔