• news

پانامہ لیکس: اختلافات بھلا کر متحد ہوں: پنجاب کی اپوزیشن کا قومی رہنمائوں کے نام خط

لاہور (سپیشل رپورٹر) متحدہ اپوزیشن پنجاب نے پانامہ لیکس کے معاملے پر قومی رہنمائوں کے نام کھلا خط لکھ دیا۔ خط کے متن کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر، پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خرم جہانگیر وٹو اور ق لیگ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں یہ محسوس کرتی ہیں کہ حکمرانوں کی کرپشن بالخصوص پانامہ لیکس میں وزیراعظم اور انکے خاندان کے نام آنے سے ملکی و عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ ملک سے لوٹ کر باہر لے جائے گئے اربوں ڈالر واپس لانے کا دعویٰ تو سبھی جماعتوں نے کیا لیکن ماضی میں اس پر کوئی عملی پیشرفت نہیں ہوئی ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ جس نے بھی قومی دولت لوٹی ہے اسکا کڑا احتساب ہونا چاہئے۔ عمران خان، بلاول بھٹو، چودھری شجاعت، سراج الحق، طاہر القادری، ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، علامہ ناصر عباس جعفری، اسفند یار ولی، مصطفی کمال و دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے گزارش کرتے ہیں کہ چھوٹے موٹے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آپ سب اکٹھے بیٹھیں تاکہ اس نہایت اہم قومی ایشو پر قوم کو مشترکہ لائحہ عمل دیا جائے۔ بعدازاں چیئرمین سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ پا نامہ لیکس اور کرپشن پر جو جماعت خاموش رہی وہ قومی مجرم ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن