قلعہ دیدار سنگھ : کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق، ورثا کا گیپکو حکام کیخلاف مظاہرہ
قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار) بجلی کے مین تار گرنے سے کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق، ورثاء نے گیپکو حکام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چک اگو میں محمد اظہر ساکن پنڈی بھٹیاں جو امتیاز عرف پومی وڑائچ نامی شخص کے بھٹہ پر اینٹوں کا کام کرتا تھا ضروری کام کے سلسلہ میں کھیت میں گیا جہاں پر گیارہ کے وی کے مین تار گر پڑے تھے، اسکا پائوں تار پر آگیا جسکے باعث محمد اظہر نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی۔ قریبی گندم کے کھیتوں میں بھی آگ لگ گئی۔ مقامی افراد نے آگ پر قابو پا لیا۔ علاقہ مکین اور متوفی اظہر کے ورثاء نے گیپکو کے ایکسین اور ایس ڈی او کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ کرپٹ افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔