• news

اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدرآمد کی رفتار حوصلہ افزا ہے: احسن اقبال

اسلام آباد/ بیجنگ (آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر تیز رفتار عملدر آمد کے ذریعے چین اور پاکستان کے درمیان صنعتی تعاون کے بے پناہ مواقع پیدا ہو گئے ہیں، گزشتہ دو سال میں اس منصوبے پر عمل در آمد کی رفتار حوصلہ افزا رہی ہے جس کے ذریعے انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں منصوبوں کی تکمیل ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے کاروباری شعبے کو مزید تعاون کے لئے آگے بڑھنا ہے۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق احسن اقبال نے پاکستان میں انڈسٹریل پارکس پر بیجنگ میں منعقد ایک سیمینار سے خطاب کرتے کہا انڈسٹریل پارکس کے لئے توانائی کی فراہمی سب سے پہلی ضرورت ہے اس لئے اس منصوبے کے تحت توانائی شعبے میں بجلی کی کمی کو مختلف منصوبوں کے ذریعے دور کیا جا رہا ہے۔ انفراسٹرکچر کو بھی ترجیحی بنیادوں پر پہلے مرحلے پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور اگلے دو سالوں میں گوادر پورٹ اور وہاں سڑکوں اور ائیرپورٹ کی تعمیر سے اس ضرورت کی تکمیل ہوجائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن