• news

داعش جیسی تنظیمیں گمراہی کے باعث جنم لیتی ہیں: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ فرقہ واریت اور سیکولرازم نے مسلمانوں کی اجتماعیت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے، داعش جیسی تنظیمیں گمراہی کے سبب جنم لیتی ہیں، مدارس اسلام کے قلعے ہیں، علماء کرام امت کی رہنمائی نہیں کریں گے تو باطل گروہ اسلام کا چہرہ مسخ کرتے رہیں گے، قرآن و سنت کی بنیاد پر تعلیم و تربیت سے معاشرے کی اصلاح ہوگی، علماء کرام اتحاد امت کی خاطر فرقہ وارانہ تفریق کا خاتمہ کرکے مسلم اُمہ کو کتاب و سنت پر جمع کریں۔ میدانِ عمل میں کردار ادا کرنے سے ہی آج کے فتنوں اور گمراہیوں کے سلسلوں کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال کراچی میں تکمیل بخاری کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہا کہ مسلم ملکوں سے فرقہ واریت کا خاتمہ کردیا جائے تو انہیں کوئی شکست نہیں دے سکے گا۔ جب حکومتیں ذمہ داریاں نبھانا چھوڑدیں تو علماء امت پر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ علماء کرام امت کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے ہوئے فرقہ وارانہ تفریق کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ اسلامی ممالک کو درپیش موجودہ مسائل قرآن و حدیث پر عمل پیراہونے سے حل ہونگے۔ پروفیسر عبدالرحمن مکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منظم منصوبے کے تحت مسلم خطوں میں فتنہ تکفیر پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ فتنوں سے محفوظ رہنے کیلئے کتاب و سنت کی تعلیمات پر تمسک اختیار کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن