• news

مناسب حوصلہ افزائی نہیں ہو رہی‘ طارق فاطمی : عسکری آلات فراہم کرتے رہیں گے : امریکی وفد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ دی نیشن رپورٹ) پاکستان نے امریکہ سے شکایت کر دی ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کے تدارک کیلئے اس کی پرخلوص کوششوں کی تعریف نہیں کی جا رہی۔ امریکی کانگرس کی خارجہ امور کمیٹی کے پروفیشنل سٹاف پر مشتمل دو ارکان پر مشتمل وفد کے توسط سے پاکستان نے اس وقت یہ شکایت کی ہے جب امریکہ نے ایک بار پھر حقانی نیٹ ورک کے خلاف مزید کارروائی کیلئے پاکستان پر دباﺅ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ مذکورہ امریکی وفد نے گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے امریکی وفد سے کہا پاکستان امریکہ کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے انسداد کیلئے پرخلوس کوششیں کر رہا ہے جس کی تعریف نہیں کی جا رہی۔ امریکہ کی طرف سے پاکستان کی سویلین اور فوجی امداد اور اس امداد پر کانگرس کے ردعمل کے حوالہ سے بھی بات چیت ہوئی۔ طارق فاطمی نے چار ملکی میکنزم کے تحت افغانستان میں قیام امن اور مذاکرات کیلئے کوششوں سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان نے نہایت مشکل حالات میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوسرے شعبوں میں تعاون کا موضوع بھی زیر غور آیا۔ این این آئی کے مطابق طارق فاطمی نے کہا دہشت گردی اور سکیورٹی خطرات کے خلاف پاکستانی کوششوں کی مناسب حوصلہ افزائی نہیں کی جا رہی۔ دی نیشن رپورٹ کے مطابق امریکی وفد نے کانگرس کی منظوری سے پاکستان کی امداد اور عسکری آلات کی فراہمی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کرسٹن مرکواٹ اور سجیت گاندھی نے کہا امریکہ سکیورٹی چینلجز سے نمٹنے کیلئے پاکستانی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔ ملاقات کے دوران طارق فاطمی نے امریکی امداد میں کمی کے حوالے سے پاکستانی تحفظات سے آگاہ کیا۔
پاکستان/ امریکہ

ای پیپر-دی نیشن