مخالف نہیں جانتے کس سے پالا پڑا ہے، ان کے کہنے پر گھر چلے جائیں ’’یہ من اور مسور کی دال‘‘ نوازشریف
بنوں (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف نے بنوں میں بین الاقوامی ایئرپورٹ بنانے، لکی مروت میں یونیورسٹی کے قیام اور بنوں ضلع کونسل و تحصیل کونسلز کیلئے 20کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنے والے نہیں، چور دورازے سے نہیں‘ عوام کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، آپ کے کہنے پر گھر چلے جائیں، یہ منہ اور مسور کی دال، ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو ایک منٹ نہیں رکوں گا اور گھر چلا جائوں گا، ہم نے ایک مرتبہ پھر الزامات کا فیصلہ سپریم کورٹ پر چھوڑ دیا ہے، دھاندلی کا رونا رونے والے پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، راستے میں دیکھتا آیا کہیں بھی نیا خیبرپی کے نظر نہیں آیا، ٹوٹی سڑکیں، پرانے ہسپتال اور سکول دیکھ کر افسوس ہوا، صوبائی حکومت تین سال میں نیا خیبرپی کے بنانے میں ناکام رہی، ہماری حکومت ہوتی تو اب تک بن چکا ہوتا۔ وہ بنوں میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن، اکرم خان درانی، گورنر خیبرپی کے اقبال ظفر جھگڑا، امیر مقام اور کیپٹن (ر) صفدرسمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میری دیرینہ خواہش تھی میں بنوں جائوں، نیا خیبرپی کے دیکھوں اور عوام سے ملاقات کروں، مولانا فضل الرحمن اور اکرم درانی کا یہ موقع فراہم کرنے پر مشکور ہوں، انشاء اللہ آئندہ جلسہ شامیانوں کے بغیر کریں گے، میں ہیلی کاپٹر سے دیکھتے ہوئے تلاش کر رہا تھا کہ نیا خیبر پی کے کہاں ہے، مجھے کہیں بھی نظر نہیں آیا، آج ہم نے نئے بنوں کی بنیاد رکھی ہے، ہم نے نئے پاکستان کیلئے خواب دیکھے ان کی تعبیر مل رہی ہے، میں نیا خیبر پی کے دیکھنا چاہتا تھا پتہ نہیں وہ کہاں ہے، ہم نے پاکستان کو موٹروے اور جدید شاہرائیں دیں، انتخابات میں خیبر پی کے کے عوام کو جال میں پھنسانے کیلئے خواب دکھائے گئے، تحریک انصاف دو سال دھاندلی کا رونا روتی رہی، دھرنے کرتی رہی، سپریم کورٹ کا فیصلہ دھاندلی کا الزام لگانے والوں کے منہ پر طمانچہ تھا، آج بھی بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پی کے میں حکومت نہ ہونے کے باوجود یہاں خدمت کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے یہاں اچھے اثرات مرتب ہونے والے ہیں، معیشت بہتر ہو گی‘ پاکستان سے لوڈشیڈنگ 2018ء میں مکمل ختم ہو جائے گی، ملک میں جلد وافر اور اور سستی بجلی میسر ہو گی، صنعتوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سنہرے خواب دکھا کر خیبرپی کے کے لوگوں کو جال میں پھنسایا گیا، نیا پاکستان بنانے والو سن لو! دیکھو تم کیا کر رہے ہو اور ہم کیا کر رہے ہیں، عوام کی خدمت کو ہم نے عمل سے ثابت کیا ہے، باران ڈیم کی توسیع کا بھی اعلان کرتا ہوں، صرف بنیادی ڈھانچے کی بات نہیں کی بلکہ عوامی بہبود کے منصوبوں پر بھی کام کیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے بنوں میں بین الاقوامی ایئرپورٹ بنانے اور ضلع کونسل بنوں اور تحصیل کونسلوں کیلئے 20کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف نے بنوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعظم نے بنوں کی پانچ یونین کونسلز کو گیس کی فراہمی کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا، ان یونین کونسلز میں بازار احمد خان، ہنجیال خیل، فاطمہ خیل، امانڈی اور وسکاری یونین کونسل شامل ہیں، گیس فراہمی کے منصوبے پر 25کروڑ 95لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے بنوں میں چار بڑی شاہرائوں کا بھی افتتاح کیا۔ اے این این اور ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنے والا نہیں‘مخالفین کو نہیں پتہ ان کا پالا کس سے پڑا ہے‘ ان کے کہنے سے ہم گھر چلے جائیں یہ منہ اور مسور کی دال۔ نئے پاکستان کا دعویٰ کرنے والے اپنے صوبے میں کچھ نہیں کر رہے‘ نئے پاکستان بنانے والو سن لو! دیکھو تم کیا کر رہے ہو اور ہم کیا کر رہے ہیں‘ یہ ہے نیا پاکستان‘ پرانے پاکستان والے پشاور میں بیٹھے ہیں اور دھرنے دے رہیں ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ تمام معاملات ایک بار پھر سپریم کورٹ پر چھوڑ دئیے ہیں الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کو بنوں میں عوامی اجتماع میں پہنچنے پر روایتی پگڑی پہنائی گئی اور بنوں کی مخصوص چادر پیش کی گئی۔ وزیراعظم 14 مئی کو ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کریں گے۔