سپیکر چیمبر میں وفاقی وزرا ‘خورشید شاہ کی ملاقات‘ موجودہ صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ‘ وفاقی وزراء پرویز رشید ‘ خواجہ سعد رفیق اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان منگل کو سپیکر چیمبر میں اہم ملاقات ہوئی جس میں پانامہ لیکس کے معاملے پر پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملاقات پہلے سے طے شدہ نہیں تھی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ’’ میں ذاتی حیثیت سے سپیکر اسمبلی سے ملنے آیا تھا وہاں پہلے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ بھی موجود تھے۔ اپوزیشن لیڈر کی یہاں موجودگی کا علم نہیں تھا تاہم حزب اختلاف کی جماعتیں جو کررہی ہیں وہ صحیح نہیں ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں وفاقی وزرا کی اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات کو بیک ڈور چینل پر رابطہ قرار دیا جا رہا ہے ملاقات میں پانامہ لیکس کے معاملے پر پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔