احتساب سب کا ہو گا، اپنے صوبے میں چوہوں سے ڈرنے والوں نے پنجاب کے شیروں کو للکارا ہے: فضل الرحمن
بنوں (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بنوں میں جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ اپنے صوبے میں چوہوں سے ڈرنے والوں نے پنجاب کے شیروں کو للکارا ہے‘ ملک میں احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا‘ لاہور کے جلسے میں انکے درندوں نے خواتین کیساتھ بدتمیزی اور غیراخلاقی سلوک کیا ‘ عمران خان کا احتساب ہوگا تو گھر یا جیل نہیں سسرال جانا ہوگا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف حکم دیں تو جمہوری طریقے سے خیبر پی کے کی لولی لنگڑی حکومت کو گرا دیں گے، رائیونڈ جانے کی کوشش کرنیوالے سوچ لیں بنی گالہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ فضل الرحمان نے مزید کہا کہ استعفیٰ مانگنے والے سن لیں انکی باری آئی تو ملک بھر میں کہیں جگہ نہیں ملے گی۔ صوبے کے مینڈیٹ کا دعویٰ کرنے والے ترقی کے نام سے نابلد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پسماندہ علاقے میں آمد سے ترقی کا آغاز ہوگیا ہے۔ گزشتہ 67 سالوں میں پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کیا گیا۔ صوبے میں مینڈیٹ کا دعویٰ کرنے والے ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں میں اخلاقی اقدار اور عورتوں کی عزتوں کو پامال کیا جاتا ہے، انکے کپڑے نوچے جاتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اعتماد میں جاگتے لوگوں کو لیا جاتا ہے، نشے میں دھت لوگوں کو نہیں۔ انشاء اﷲ ترقی کا سفر جاری رہیگا، وزیراعظم 14 مئی کو ڈیرہ اسماعیل خان آئینگے۔ اجتماع سے خطاب میں وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ عمران خان تیسرے درجے کے پٹھان ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خود کو احتساب کیلئے پیش کرنا شیر ہی کی صفت ہے، کمشن کا مطالبہ کرنے والے عمران خان آج کمشن کو نہیں مانتے۔ عمران خان میں نہ مانوں کی سیاست پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال پہلے خیبر پی کے اچھا بھلا تھا، تیلی پہلوان کی حکومت نے صوبے کا بیڑہ غرق کردیا ہے، خود دھرنے میں ناچنے میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ غریب عوام کی دعائیں ہیں میری ماں پندرہ دن سے وزیراعظم کی سلامتی کیلئے قرآن پڑھ رہی ہیں۔