• news

ایشیا کپ کبڈی: دفاعی چیمپئن پاکستان نے سری لنکا کو 56-23 سے شکست دے دی

اسلام آباد+لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کبڈی فیڈریشن اور پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کے اشتراک سے پی او ایف واہ میں جاری تیسرے ایشیاء کپ سرکل سٹائل کبڈی چیمپئن شپ کے دوسرے روز دفاعی چیمپئن پاکستان نے سری لنکا کو 56-23 سے‘ بھارت نے افغانستان کو 48-20 سے اور ایران نے نیپال کو 31-14 سے شکست دے دی۔ اس سے قبل چیمپئن شپ کے پہلے روز پاکستان نے ایران کو 47-22 ‘ بھارت نے سری لنکا کو 45-21 سے اور افغانستان نے نیپال کو 40-11 سے شکست دے دی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری چودھری محمد سرور جو ایشیاء کبڈی فیڈریشن کے بھی سیکرٹری جنرل ہیں کے مطابق چیمپئن شپ میں ایشیاء کی چھ ٹیمیں سنگل لیگ بنیاد پر شرکت کر رہی ہیں۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر پی او ایف بورڈ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات اور پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کی پوری انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔تیسرے سرکل کبڈی ایشیا کپ کے تیسرے روز آج تین میچز کھیلے جائینگے۔ واہ کینٹ میں جاری تیسرے کبڈی ایشیا کپ کے تیسرے روز آج بدھ کو تین میچز کھیلے جائینگے ، پہلے میچ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا ‘ دوسرا میچ رات 9:00بجے بھارت اور نیپال جبکہ تیسر ا اور آخری میچ ایران اور نیپال کے مابین کھیلا جائے گا ، تیسرے کبڈی ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں جمعہ کے روز مدمقابل ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن