بھارت میں حریت رہنمائوں پر کسی بھی ملک کے نمائندے سے ملاقات پر پابندی نہیں: وی کے سنگھ
سری نگر ( اے این این )بھارت کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی کے سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ پوری ریاست جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور یہ نام نہاد کشمیری لیڈران بھارت کے شہری ہیں، ان کی بھارت میں کسی بھی ملک کے نمائندے کے ساتھ میٹنگ پر کوئی پابندی عائد نہیں ۔تاہم انہوں نے ساتھ ہی یہ واضح کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ مذاکراتی عمل میں کسی تیسرے فریق کا کوئی رول نہیں ۔اس ضمن میں وی کے سنگھ کا کہنا تھابھارت اپنا یہ موقف بارہا دہرا چکا ہے کہ شملہ سمجھوتے اور لاہور اعلامیہ کے تحت پاکستان بھارت کے مابین باہمی مذاکرات کے حوالے سے کسی تھرڈ پارٹی کا کوئی رول نہیں بنتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی طرف سے بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے معاملات پر پاکستانی حکام کے سامنے تسلسل کے ساتھ ناراضگی کا اظہار کیا گیا ہے۔مبصرین نے اس بیان کو مرکز کی پاکستان اور حریت کے تئیں پالیسی میں ایک اہم اور غیر معمولی تبدیلی سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔