• news

گوجرہ:سنگدل باپ نے تیز دھار آلے سے 2 کمسن بیٹوں کو ذبح کر دیا بیوی اور تیسرا بیٹا شدید زخمی

گوجرہ/ ٹوبہ (نامہ نگاران) نواں لاہور کے علاقہ میں باپ نے تیز دھار آلہ سے دو بیٹوں کو ذبح کر دیا۔ ایک بیٹا اور بیوی شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ نواں لاہور کے علاقہ 332ج ب کے رہائشی ولائت علی نے رات سوتے ہوئے اپنے بیٹے 9سالہ حسین اور 7 سالہ ثقلین کو تیز دھار آلے سے ذبح کر دیا جبکہ ایک بیٹے حسن اور اپنی بیوی شکیلہ بی بی کو شدید زخمی کر دیا جنہوں نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ زخمی ماں بیٹے کو فوری طور پر نواں لاہور ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو طبی امدد کے بعد تشویشناک حالت کے پیش نظرالائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا جن کی حالت بدستور تشویشناک بیان کی جاتی ہے، اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی عاطف عمران اور ایس ایچ او تھانہ نواں لاہور بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ دونوں نعشوں کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔ جنونی قاتل کو گرفتار کر لیا گیا۔ اہل علاقہ کے مطابق میاں بیوی میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، رات کو بھی جھگڑا ہوا تھا جس کی صلح کرا دی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن