• news

فیصل آباد جلسہ20 مئی تک ملتوی، لیگی غنڈوں نے خواتین پر حملے کئے، پنجاب پولیس سے اعتماد اٹھ گیا: عمران

اسلام آباد + فیصل آباد (آئی این پی + اے پی پی+نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار خصوصی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 8مئی کو کرپشن کے خلاف فیصل آباد میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے کو 20 مئی تک ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگی غنڈوں کے خواتین پر حملے کے بعد پنجاب پولیس سے اعتماد اٹھ گیا، سازش کے تحت ہمارے جلسوں میں ہلڑ بازی کی جاتی ہے، خیبر پی کے پولیس پر اعتماد ہے اس لئے 9 مئی کو پشاور اور 11مئی کو بنوں میں جلسوں سے خطاب کروں گا۔ عمران خان نے ایک بیان میں کہا کہ لاہور میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی کے واقعہ کے باعث فیصل آباد کا جلسہ ملتوی کیا گیا، ڈی چوک میں126روز کے دھرنے کے دوران خواتین سے بدسلوکی نہیں کی گئی، ایک سازش کے تحت ہمارے جلسوں میں ہلڑ بازی کی جاتی ہے، حملے مرکزی سیاست میں خواتین کا کردار محدود کرنے کی گھنائونی سازش ہے۔ خواتین پر حملے میں پولیس کے کردار سمیت دیگر پہلوئوں کی تحقیقات کر رہے ہیں، حملوں میں ملوث عناصر کو خواہ ان کا تعلق پی ٹی آئی سے ہو عبرتناک سزا دیں گے۔ لاہور اور اسلام آباد کے جلسوں میں رونما ہونے والے واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ہمارے جلسوں پر طے شدہ حملے کئے گئے، خواتین سے بدتمیزی کے واقعہ کی تحقیقات ایک ہفتے میں مکمل کرلی جائیں گی، تحقیقات کے بعد تحریک انصاف کرپشن کے خلاف اور پانامہ لیکس کے معاملے پر تحریک جاری رکھے گی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تحریک انصاف کا فیصل آباد میں ہونے والا جلسہ تحریک انصاف فیصل آباد کی گروپ بندی‘ انتشار اور جلسے کیلئے بنائی گئی عمران خان کی کمیٹی کے خلاف بغاوت کرنے پر عمران نے یہ کہہ کر ملتوی کر دیا ہے کہ لاہور کے جلسے میں خواتین سے ہونے والی دھینگا مشتی اور غیر اخلاقی حرکات کے باعث فیصل آباد کا جلسہ ملتوی کیا جا رہا ہے‘ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے فیصل آباد میں اکلوتے رکن پنجاب اسمبلی شیخ خرم شہزاد کو 8مئی کے فیصل آباد میں جلسے کیلئے عمران نے کنوینر مقرر کیا تھا جس پر تحریک انصاف فیصل آباد نے چار دھڑوں کی صورت اختیار کر لی جس پر جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے فیصل آباد جلسہ سے بھاگنے کی اصل وجہ لاہور شو میں اہل پنجاب کی عدم دلچسپی ہے۔ اب کے پی کے میں سرکاری خرچے پر عمران کے جلسے منعقد کئے جائیں گے۔ لگتا ہے عمران کی اے ٹی ایم مشینوں نے احتساب کے ڈر سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن