• news

تعاون کر کے ایشیا یورپ سے زیادہ ترقی کر سکتا ہے: اسحاق ڈار اور بھارتی ہم منصب میں اتفاق

فرینکفرٹ+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+ نمائندہ خصوصی) پاکستان اور بھارت کے وزرائے خزانہ اسحاق ڈار اور ارون جیٹلی میں ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات ایشیائی ترقیاتی بنک کے وزراء خزانہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دونوں ممالک کے وزرائے خزانہ نے اتفاق کیا ہے کہ ترقی کیلئے ایشیا میں ملکوں کے درمیان تعاون ایک شرط ہے۔ دونوں نے اتفاق کیا کہ ایشیا یورپ سے زیادہ ترقی کر سکتا ہے۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو تاریخ کا نیا باب رقم کرنا چاہئے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقائی رابطوں سے جنوبی ایشیا میں خوشحالی آئیگی۔ پینل بحث کے دوران اسحاق ڈار اور ارون جیٹلی نے ایشیائی ترقی کے بارے میں گفتگو کی۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ علاقائی رابطوں سے جنوبی ایشیا میں خوشحالی آئیگی۔ اسحاق ڈار سے چینی وزیر خزانہ نے بھی ملاقات کی اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چین دوستی کو وسیع پیمانے پر سیاسی اور عوامی حمایت حاصل ہے، سی پیک کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں چین کے تعاون کی وجہ سے عالمی ترقیاتی اداروں اور پرائیویٹ سرمایہ کاروں کی ملک میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔چین کے وزیر خزانہ نے کہا کہ چین پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا، پاکستان کی معاشی ترقی پر خوشی ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو وسیع سیاسی اور عوامی سپورٹ حاصل ہے۔ چین کے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی میدان میں ترقی پر خوشی ہے، چین پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اے آئی آئی بی کے بورڈ کی جانب سے کلیئر کئے گئے پہلے بیج کے منصوبوں میں پاکستان کیلئے بھی منصوبے شامل ہیں۔ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خزانہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ دریں اثنا ایشیائی ترقیاتی بنک کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کا بڑا اور بااعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے بنک آئندہ تین سال کے دوران چار ارب ڈالر کی امداد فراہم کریگا، پاکستان جلد اعلی پائیدار ترقی کی راہ پرگامزن ہوگا جس سے غربت کاخاتمہ اور دیگر سماجی ومعاشی اشاریوں میں بہتری آئیگی۔ پاکستان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام سے سماجی تحفظ کے ایک کامیاب نظام پرعمل درآمد کررہا ہے جو خطے میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ وزیراعظم کا قومی صحت بیمہ پروگرام حکومت کے اس عزم کے ساتھ شروع کیاگیا ہے کہ ملک کے تمام افراد کو بلا امتیاز صحت کی سہولتیں مہیا کی جائیںگی۔ سماجی طورپر کمزور طبقے کیلئے صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جائیگا۔ ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کا ایک بڑا اور بااعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے بنک آئندہ تین سال کے دوران چار ارب ڈالر کی امداد فراہم کریگا۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان خطے کے مشرقی، مغربی اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کوفروغ دیناچاہتا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹتے ہوئے ترقی کا سفر شروع کیا ہے جس کے انتہائی متاثرکن نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان بہت جلد اعلی پائیدارنمو کی راہ پر گامزن ہو جائیگا۔ غربت میں کمی اور سماجی و اقتصادی حالات میں بہتری آئے گی۔ امید ہے ایشیائی ترقیاتی بنک ترقی پذیر رکن ممالک کیلئے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریگا۔

ای پیپر-دی نیشن