• news

نواز شریف دل بڑا کر کے خود کو پیش کریں، سب کا احتساب ہونا چاہئے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف جلسوں کی بجائے دل بڑا کرکے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کر دیں، چودھری نثار نے اپوزیشن کے ٹی او آرز پڑھے بغیر مسترد کرکے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور یہ تحریک اور احتساب اب پاکستان کے ہر شہری کا نعرہ بن چکا ہے، احتساب کا مطالبہ پانامہ لیکس تک محدود نہیں بلکہ گذشتہ حکومتوں میں جن لوگوں نے ملکی خزانے کو لوٹ کر رقم بیرون ملک منتقل کی ہے ان سب کا احتساب وقت ضرورت ہے، کرپشن روکنے اور احتساب کیلئے بہت جلد قومی اسمبلی میں ترمیمی بل پیش کرنے جارہے ہیں اور اس بل کی منظوری کیلئے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا تعاون حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ ہم نے کرپشن فری پاکستان تحریک بھی شروع کی اور احتساب کا مطالبہ کیا۔ ہم نے سب سے پہلے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا تھا آج بھی فخر کے ساتھ اپنے سابقہ وزرائ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز حتیٰ کہ مرحوم مئیر کراچی سمیت دیگر مرحوم ممبران کو احتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ وزیراعظم اور حکمران ٹولہ حقیقی اور نظر آنے والے احتساب کے حق میں نہیں، وہ اگر احتساب کے حق میں ہوتے تو سابقہ حکومتوں سے شروع کرنے کی بجائے اپنے آپ سے احتساب کا عمل شروع کرتے لیکن انہوں نے سارا معاملہ ہی الجھا دیا ہے۔ میں نے کرپشن فری پاکستان تحریک کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 9مئی کو اسلام آباد میں جماعت کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس طلب کیا ہے تاکہ اس تحریک کو مزید تقویت دے کر اس تحریک اور نعرے کو گلی کوچوں تک پہنچا دیں۔

ای پیپر-دی نیشن