وسائل قوم کی امانت ہیں‘ ایک ایک پائی ترقی کیلئے خرچ کر رہے ہیں: نوازشریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آن لائن+ این این آئی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح کے لئے دن رات کام کر رہی ہے، وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی عوام کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کر رہے ہیں، انشاء اللہ ملک میں امن و امان کی بحالی، توانائی کے بحران کے خاتمے، پاکستان چین اقتصادی راہداری اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو اسی رفتار سے جاری رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارکان قومی اسمبلی سے الگ الگ ملاقات کے دوران کیا، ناصر اقبال بوسال، ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان اور ایم این اے نجف عباس سیال ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ جنہوں نے وزیراعظم کے ساتھ اپنے حلقوں میں عوامی مسائل، جاری کاموں اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا اور ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کی اور ان کی قیادت اور پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں، ترقیاتی پروگراموں پر تیز رفتاری سے عمل درآمد جاری ہے۔ وزیراعظم سے مسلم لیگ خیبر پی کے کے صدر صابر شاہ نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیشہ عوامی مفاد کیلئے کام کیا، حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبے عوام کی تقدیر بدل دیں گے، 2018ء میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا، اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ پیر صابر شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم خیبر پی کے میں مزید مقبول ہو رہے ہیں، ترقیاتی ایجنڈے کی وجہ سے عوام وزیراعظم سے محبت کرتے ہیں، خیبر پی کے حکومت کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے، خیبر پی کے کے عوام 2018ء میں صوبے میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیکھنا چاہتے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف آج سکھر ملتان موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ترجمان وزیراعظم کے مطابق سکھر ملتان 393 کلو میٹر موٹر وے منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ ہے۔