مذاکرات کیلئے حالات سازگار ہیں نہ کرکٹ سیریز کا وقت دے سکتے ہیں: بھارتی ہائی کمشنر
اسلام آباد (آئی این پی+اے این این) پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت مذاکرات کیلئے حالات سازگار نہیں، ماحول سازگار بنانے کیلئے دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے ماہی گیر رہا کئے، باہمی تعلقات میں بہتری کیلئے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔ یہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان سے مذاکرات چاہتا ہے لیکن ماحول کا سازگار ہوناضروری ہے، سازگار ماحول بنانے کے حوالے سے دونوں ممالک اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ دیکھتے ہیں کہ پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کب تک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتمذاکرات کس وقت اور کیسے ہوں گے یہ نہیں بتا سکتا۔ دونوں ممالک کی طرف سے خیرسگالی کے چھوٹے چھوٹے اقدامات سے حالات معمول پر آئیں گے۔ دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹریوں نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں ملاقات کی۔ مذاکرات کا ماحول جلد بنائیں گے لیکن وقت نہیں بتا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے مابین میچز نہیں کھیلے جارہے ہیں ، حال ہی میں دونوں ٹیمیں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی میں آمنے سامنے آئی ہیں تاہم پاکستان بھارت سیریز کے حوالے سے سوال پر گوتم بمبا والے کا کہنا تھا کہ موجودہ حا لات میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کے لیے کوئی وقت نہیں دے سکتے۔ قبل ازیں پلڈاٹ کی جانب سے جنوبی ایشیا میں آئینی ارتقاء کے موضوع پر کانفرنس میں پاکستان، بھارت اور سری لنکا کے آئین کے ارتقائی مراحل کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے دوران ویسٹ بنگال نیشنل یورنیوسٹی آف جوڈیشل سائنس کے پروفیسر ڈاکٹر ایشوارا پاڈیل بھٹ سے مسئلہ کشمیر پر سوالات کئے گئے تو بمباوالے نے سیاسی سوالات پوچھنے سے منع کر دیا۔