• news

سٹورٹ لا کا بھی انکار‘قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا فیصلہ آج متوقع

لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ کو قومی ٹیم کے نئے کوچ کی تلاش میں ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے جہاں پیٹر مورس کے بعد ہیڈ کوچ کے عہدے کے مضبوط امیدوار آسٹریلیا کے سٹورٹ لا نے بھی کوچنگ سے انکار کردیا ہے۔کوچ کیلئے کوئی نام فائنل نہ ہوا تو مشتاق احمد کو عبوری کوچ بناکر دورہ انگلینڈ میں ٹیم کے ساتھ بھیجا جائے گا۔پی سی بی آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم نے چار غیر ملکیوں کو شارٹ لسٹ کیا لیکن سٹورٹ لا نے معذرت کر لی کیونکہ ان کا آسٹریلیا سے بحیثیت بیٹنگ کوچ معاہدہ ہے اور وہ اس سال ستمبر سے قبل دستیاب نہیں۔پی سی بی پاکستان کے جولائی میں شیڈول اہم ترین دورہ انگلینڈ سے قبل اس عہدے پر کسی شخص کی تقرری کرنا چاہتا ہے۔ہیڈ کوچ کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔بورڈ نے اس عہدے کیلئے 16ہزار سے 20ہزار ڈالر ماہانہ کا بجٹ رکھا ہے جہاں دنیا میں اس عہدے پر نسبتاً زیادہ تنخواہ دی جاتی ہے۔فہرست میں شامل کوچز میں ڈین جونز کو انٹرنیشنل ٹیم کی کوچنگ کا کوئی تجربہ نہیں جبکہ اینڈی مولز ہانک کانگ، کینیا، سکاٹ لینڈ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی کوچنگ کا تجربہ رکھتے ہیں۔مکی آرتھر کو دنیا کی دو بڑی ٹیموں کی کوچنگ کا تجربہ حاصل ہے ۔سابق قومی کرکٹرز محسن حسن خان اور عاقب جاوید نے عہدے کیلئے درخواست دینے سے انکار کردیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن