سابق ایم ڈی پیپکو طاہر چیمہ 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔ نیب لاہور نے اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے اور گیپکو میں غیرقانونی بھرتیوں کے الزام میں سابق ایم ڈی پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (پیپکو) طاہر بشارت چیمہ کو گرفتار کیا اور گزشتہ روز فاضل احتساب عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ نیب حکام نے سخت سکیورٹی میں سابق ایم ڈی پیپکو کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔ فاضل عدالت نے نیب کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق ایم ڈی پیپکو کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق ایم ڈی پیپکو نے اپنے دور میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 400 سے زائد افراد کو گیپکو میں تعینات کرایا۔جس کی تحقیقات کیلئے ملزم کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کیا جائے۔ سابق ایم ڈی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ طاہر بشارت چیمہ ایک استاد کے طور نجی یونیورسٹی میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ان کیساتھ دیگر 7 رکنی کمیٹی نے بھرتی کیلئے پالیسی مرتب کی تھی۔ انہوں نے براہ راست کوئی بھرتیاں نہیں کیں۔