• news

سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری اور بیٹے کی 16 مئی تک عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی عدالت نے سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری اور ان کے بیٹے کی 16 مئی تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت میں سابق چیئرمین سینٹ اور ان کے صاحبزادے جرار حسین پیش ہوئے۔ درخواست گزاروں کا موقف تھا کہ ان کے خلاف حکومت کی جانب سے مقدمہ درج کئے جانے پر انہیں افسوس ہے۔ حکومت پانامہ لیکس سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے حربے استعمال کر رہی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج راجا آصف محمود نے نیئر بخاری اور ان کے بیٹے جرار حسین کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری بیس بیس ہزار روپے کے عوض منظور کر لی ہے۔ نیئر بخاری کی پیشی سے قبل وکلاء کی بڑی تعداد احاطہ عدالت پہنچی اور سابق چیئرمین سینٹ کے حق میں نعرے بازی کی۔ سابق چیئرمین سینٹ نے سکیورٹی کے حصول کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد پولیس اور سیکرٹری داخلہ سے 19 مئی کو جواب طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے نیئر بخاری کی درخواست پر سماعت کی۔

ای پیپر-دی نیشن