وزیر اعلیٰ پنجاب نے رمضان پیکج کی منظوری دیدی، آٹے کی فراہمی کے لئے5 ارب سبسڈی کا اعلان
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے کہا کہ رمضان پیکیج کے تحت عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر 5 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی جس کے تحت رمضان بازاروں میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 290 روپے میں دستیاب ہو گا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 310 روپے میں اور 20 کلو گرام کا تھیلا 620 روپے میں ملے گا۔ پنجاب بھر میں 330 رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 25 ماڈل بازار بھی رمضان بازار کے طور پر کام کریں گے۔ 2 ہزار دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔رمضان بازاروں کا آغاز 3 جون سے کیا جائے گا۔ یہ صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔ متعلقہ ایسوسی ایشنز چینی ، گھی، مرغی کا گوشت اور انڈے سستے داموں رمضان بازاروں میں فراہم کریں گی اوررمضان بازاروں میں چینی، گھی اور چکن عام مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو گرام کے حساب سے سستے ملیں گے۔ رمضان بازاروں میں زرعی فئیر پرائس شاپس بھی لگائی جائیں گی جہاں پھل، کھجوریں، سبزیاں اور دالیں رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ ریلف کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچنے چاہئیں۔ اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت اور استنبول واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن‘ ترکی کے مابین معاہدے پر دستخط ہوئے جس کے تحت ترکی کا ادارہ پنجاب کے پانچ شہروں لاہور‘ راولپنڈی‘ ملتان‘ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں واسا کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب کے پانچ شہروں کے واسا اداروں میں بڑی کمزوریاں ہیں اور ان میں بڑی اصلاح کی ضرورت ہے۔ چین اور سعودی عرب کی طرح ترکی پاکستان کا بہترین دوست ہے اور دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون موجود ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے استنبول واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے میں اصلاحات‘ استعدادِ کار میں اضافے اور عملے کی تربیت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف نے ڈائریکٹر جنرل نیب ہیڈ کوارٹرز لاہور حسنین احمدکے والد اور پاکستان ٹیلیویژن کے سینئر بانی کیمرہ مین انیس احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔