• news

انسانی سمگلنگ کا الزام‘پی ایچ ایف نے ٹائیگر ہاکی کلب پر پابندی لگادی

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستانی ہاکی فیڈریشن نے انسانی سمگلنگ کے الزام میں اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن سے منسلک ٹائیگر کلب پر پابندی عائد کردی ہے۔پی ایچ ایف صدر ریٹائرڈ بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ ٹائیگر کلب پر پابندی عائد کردی ہے اور جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں، وہ کسی ایونٹ کا انعقاد یا اس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ پاکستان میں ہاکی کا کوئی بھی ایونٹ چاہے وہ کسی بھی سطح پر کھیلا جائے، وہ پی ایچ ایف کی نگرانی میں کھیلا جائے گا۔ سکول اور کلب کی ہاکی کو ترقی دینے پر توجہ دے رہے ہیں کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ ملک میں ہاکی کی بحالی کا یہی واحد ذریعہ ہے۔اس مقصد کے حصول کیلئے ہم ملک کے مختلف حصوں میں چھوٹی آسٹرو ٹرف لگائیں گے تاکہ نوجوانوں کو بہتر سہولیات فراہم کر کے ان کی توجہ ہاکی کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن