مکی آرتھر قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بن گئے‘ رواں ماہ عہدہ سنبھالیں گے
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر کو وقار یونس کی جگہ قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنا دیا وہ رواںماہ کے آخر پر عہدہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچ کی تقرری کیلئے قومی ٹیم کے سابق قائدین وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔پی سی بی کے مطابق کمیٹی نے چار نام تجویز کیے تھے اور پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز سے تفصیلی مشاورت کے بعد مکی آرتھر سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے پاکستان کی کوچنگ کرنے پر رضامندی ظاہر کردی اور وہ ممکنہ طور پر اس مہینے کے آخر میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی کوچنگ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے تمام فارمیٹس میں عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کیا۔110 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے مکی آرتھر نے پانچ سال تک جنوبی افریقہ کی کوچنگ کی۔ 2011 میں آسٹریلیا کا کوچ مقرر کیا گیا تاہم 2013 کی ایشز سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے سبب انہیں عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔گزشتہ سال انہیں پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کی کوچنگ کی ذمے داری بھی سونپی گئی تھی۔