مسئلہ کشمیر پر ملین دستخطی مہم مزید 3 یورپی ممالک میں شروع کی جائے گی
برسلز (آن لائن) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) مسئلہ کشمیرپر اپنے ایک ملین دستخطی مہم کے سلسلے میں آئندہ ہفتے مزید تین یورپی ملکوں میں ایک ایک روزہ کیمپس لگائے گی۔ اب تک اس مہم کے دوران جس کا آغازچند سال قبل بلجیم سے ہوا تھا، یورپ کے متعدد ممالک میں لوگوں سے کشمیریوں کی حمایت میں دستخط لئے جا چکے ہیں۔ مہم کی نئی منازل مقصود کے بارے میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے بتایاکہ بالترتیب9 مئی (بروز پیر) کو ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں، منگل دس مئی کو سلواکیہ کے دارالحکومت براٹیسلاویا اور (بدھ) گیارہ مئی کوآسٹریاکے دارالحکومت ویانامیں ایک ایک روزکیمپس لگائے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس ایک ملین دستخطی مہم کا مقصد دس لاکھ دستخط جمع کر کے مسئلہ کشمیرکو یورپی پارلیمنٹ کے اندر پیش کرنا ہے تاکہ مسئلہ کشمیرکو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جا سکے اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کو روکا جا سکے۔ چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضاسید نے اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ وادی میں بے گناہ لوگوں کاماورائے عدالت قتل عام، نوجوانوں او رسیاسی رہنما¶ں کی بلاوجہ گرفتاریاں اوربے جا گھر گھر تلاشی جیسے بہیمانہ اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے درخواست کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکیں اور مسئلہ کشمیرکے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پرامن حل کے لیے اقدامات کریں۔
کشمیر/ دستخطی مہم