• news

گرمی میں لوڈ شیڈنگ جاری، نارنگ میں احتجاج، شیخوپورہ : گیس بندش کیخلاف مظاہرہ

لاہور (نامہ نگاران) گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث شہری نڈھال ہو گئے اور سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کاروبار زندگی بھی شدید متاثر رہا جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ بجلی کی بندش کیخلاف نارنگ منڈی میں احتجاج کیا گیا جبکہ شیخوپورہ میں گیس کی بندش کیخلاف مظاہرہ کیا گیا۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی میں بجلی کی کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے بچے، بوڑھے اور خواتین بلبلا اٹھے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق گرمی میں شدت کے ساتھ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں بتدریج اضافہ ہو گیا جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کو رلا دیا۔ نماز جمعہ کے بعد شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بتایا سینکڑوں لوگ لوڈشیڈنگ کے باعث نماز جمعہ بھی ادا نہ کر سکے۔ عورتیں بھی احتجاجی مظاہرے میں شامل ہو گئیں اور سینہ کوبی کرتی رہیں۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق گیس کی غیراعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے درجنوں وکلاءنے سابق صدر سید ساجد الرحمن شاہ اور داﺅد احمد خان کی قیادت میں گیس کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخوپورہ نے گیس کی بندش کے خلاف درخواست پر محکمہ سوئی گیس شیخوپورہ سے تفصیلی جواب مانگ لیا ہے۔
لوڈ شیڈنگ جاری

ای پیپر-دی نیشن