• news

اقتصادی راہداری ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے ، رکاوٹ نہیں آنے دیں گے: شہباز شریف

لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے صدرژیانگ ژوئی ژوان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر پنجاب میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں اور پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ میں اشتراک کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر آنے والے دن میں مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں اور چین کی جانب سے پاکستان کیلئے 46ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پیکیج ایک عظیم تحفہ ہے ۔ سی پیک کے تحت ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے روشن سفر کا آغاز ہوچکا ہے۔ سی پیک کے منصوبے پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورہماری خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہے جس پر عملدر آمد کیلئے دن رات ایک کررکھا ہے۔پنجاب سمیت پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبوں پر انتہائی تیزرفتاری کے ساتھ کام کا آغاز ہوچکا ہے اور سی پیک کے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی کیونکہ یہ منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کے عوام کی تقدیر بدلے گی۔ صدرچائینہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لاہور سمیت پنجاب میں اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے۔ شہبازشریف کے عوامی خدمت کے ویژن سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں شہبازشریف سے پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شیر علی ایس۔ جانونوف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسی کے امور‘ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے افغان سفیر سے گفتگو میںکہا کہ پاکستان اور افغانستان تاریخی برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں‘ تاہم دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ دونوں کو دہشت گردی کے ناسور کا سامنا ہے۔ امن کے سفیر پر پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ تعلیمات کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تھیلسیمیا کے مرض کی شدت اور اس سے مریض و لواحقین کیلئے پیدا ہونے والے مسائل کسی وضاحت کے محتاج نہیں اور تھیلسیمیا کے مریض معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی کے بھتیجے عامر ضیاء شامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن