کراچی سے ’’را‘‘ کا ایجنٹ گرفتار، اہم دستاویزات، بھارتی پاسپورٹ برآمد
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) کراچی کے علاقے جمشید کوارٹرز سے ’’را‘‘ کا ایجنٹ گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت ارشد کے نام سے ہوئی ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنٹ سے اہم دستاویزات اور بھارتی پاسپورٹ برآمد کرلیا گیا۔ ملزم انٹرنیٹ کے ذریعے بھارت رابطہ کرتا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ارشد حسین نے تفتیش میں مزید 6 افراد کے نام بتا دئیے۔ گرفتار مبینہ ایجنٹ 2011ء میں پاکستان آیا تھا اور اب تک 6 بار بیرون ملک سفر کرچکا ہے۔ ملزم کے قبضہ سے تین موبائل فونز‘ دس سمیں اور لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا ہے۔ را ایجنٹ نے میٹرک کی جعلی سند‘ سکول سرٹیفکیٹ بھی بنوایا اور نادرا‘ پاسپورٹ آفس نے بغیر تصدیق شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کیا۔ 1984ء میں آٹھویں پاس کرنے کا جعلی سرٹیفکیٹ بھی بنوایا‘ سند میں لکھا گیا سکول 1997ء میں بنا تھا۔ وہ کراچی میں کئی سال سے منظم طریقے سے نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ حساس اداروں نے ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔