ایشیا، یورپ کانفرنس میں میڈیا ڈائیلاگ سے رابطے کو فروغ ملے گا
گوانگ ژو (سلیم بخاری، دی نیشن رپورٹ) براعظم ایشیا اور یورپ کے درمیان رابطے کے فروغ کیلئے یہاں چین کے تیسرے بڑے شہر گوانگ ژو کے گارڈن ہوٹل میں میڈیا ڈائیلاگ کے سلسلے میں 2 روزہ ایشیا یورپ کانفرنس کا افتتاح کل (سوموار) کو ہوگا۔ کانفرنس کے شرکاء کو دونوں براعظموں کے درمیان تعاون کیلئے رابطے کے حوالے سے نئے چیلنجوں پر تبادلہ خیال، پالیسیاں، حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے علم میں اضافے کا موقع ملے گا۔ یہ کانفرنس پاکستان، بنگلہ دیش، منگولیا، نیوزی لینڈ اور سنگاپور نے مشترکہ طور پر چینی وزارت خارجہ اور سٹیٹ کونسل انفارمیشن آف چائنہ کے تعاون سے سپانسر کی ہے۔ کانفرنس کی میزبانی گوانگ ژو میونسپل گورنمنٹ کی طرف سے کی جائیگی۔ ایشیا یورپ میٹنگ 1996ء میں قائم کی گئی تھی جس کا مقصد دونوں براعظموں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ کانفرنس میں بزنس نمائندوں کے علاوہ چین اور دیگر ممالک کے 200 سے زائد میڈیا ایگزیکٹو شرکت کرینگے۔ کانفرنس سے چینی سنٹرل حکومت کے رہنما بھی اہم خط کرینگے۔ شرکاء کے اعزاز میں ڈنر دیا جائیگا۔