قندھار : افغان فوجی یونیفارم پہنے دو افراد کی فائرنگ‘ رومانیہ کے دو فوجی ہلاک‘ جھڑپ حملہ آور بھی مارے گئے
کابل(آئی این پی)افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں 43 شدت پسند ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے جبکہ 13کوگرفتار کرلیا گیا ،کاروائیوں کے دوران 7افغان اور فرینڈ لی فائرنگ میں2نیٹو فوجی بھی مارے گئے ،مشرقی صوبہ کنڑ میں افغان سیکورٹی فورسز نے طالبا ن کا بڑا حملہ ناکام بنادیا جوابی کاروائی میں 28طالبان جنگجو ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 11افغان فوجیوں کی ہلاکت کادعویٰ کیا ہے ،زابل میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ بگرام ائیربیس پر راکٹ حملے میں 2شہری زخمی ہوگئے، جنوبی صوبہ قندھار میں افغان آرمی کے ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلا ع نہیں ملی جبکہ طالبان نے ہیلی کاپٹر کو مارگرانے اور اس میں سوار تمام فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ،ادھر طالبان نے بد کاری کے الزام میں ایک خاتون کو بے دردی سے گولی مار کر ہلا ک کردیا جس کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ،دوسری جانب افغان فضائیہ کا کہنا ہے کہ امریکہ افغانستان کو 12 اضافی ایم ڈی 530 ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا جس کی فراہمی اگلے ماہ سے شروع ہوجائے گی ۔وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوںمیں ملک کے 17صوبوں میں فوجی اور کلین اپ آپریشن کیے ہلاک ہونے والوں میں 6غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔قندھار میں نیٹو کے بیس پر افغان فوجی یونیفارم میں ملبوس 2افراد نے فائرنگ کر کے 2اہلکار وں کو ہلاک کر دیا۔ جوابی کارروائی میں دونوں مارے گئے، انکی شہریت کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ اتحادی فوج کے ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کی لیکن مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
افغان / فائرنگ