اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سٹیل ملز ملازمین کے لیے تنخواہوں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں اضافے کی منظوری دیدی
اسلام آباد( نمائندہ خصوصی +آن لائن) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ 85 کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دےدی خیبر پی کے کو ہائیڈل منافع کی ادائیگی کیلئے 25 ارب کی بینک گارنٹی بھی منظور کرلی گئی جبکہ بینک ٹرانزیکشن پر 0.4 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس میں 31 مئی تک توسیع کی منظوری دےدی۔ ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ ای سی سی پی نے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو 85 کروڑ 80 لاکھ روپے دو ماہ کی تنخواہ دینے کی منظوری دیدی ۔ای سی سی نے حکومت پاکستان کی گارنٹی پر واپڈا کو مقامی بنکوں سے 25 ارب روپے کا قرضہ دینے کی اجازت دی تاکہ خیبر پی کے حکو مت کو نیٹ ہائیڈرل منافع کی مد میں رواں مالی سال 2015-16ءکی ادائیگی کی جا سکے ۔ نیٹ ہائیڈرل منافع کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومت کے مابین مذاکرات ہوئے تھے جس میں دونوں پارٹیوں نے 70 ارب روپے دینے پر اتفاق ہوا تھا، یہ رقم چار اقساط میں دی جائیگی۔ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے توانائی کی کارکردگی اور تحفظ کیلئے مالی مراعات دینے کی سفارش کے حوالے سے وزیر خزانہ نے ہدایت کی اس طرح کی سفارشات فنانس بل کے ذریعے لائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا وزارت انڈسٹری ، وزارت موسمیاتی تبدیلی ، ایف بی آر اور وزارت پانی و بجلی اس بل کو مشترکہ طور پر فنانس بل میں متعارف کرائیں ای سی سی نے ڈادمڑ منصوبے کو ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کا سٹیٹس دینے کی تاریخ میں اضافے کی منظوری دیدی ۔یہ اضافہ 14 جنوری 2035 ءتک ہوئی اور اس منصوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی متعارف کرایا گیا ۔ اس منصوبے کی منظوری سپیشل کمیٹی جو وزیراعظم کے مشیر برائے لاءکی سربراہی میں قائم کمیٹی کی جانب سے سفارش دینے کے بعد کی گئی ہے۔ اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کیلئے مارجن پر نظرثانی کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا مارجن آئندہ سی پی آئی سے منسلک ہوگا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا پٹرول اور ڈیزل پر مارکیٹنگ کمپنی کو 6 پیسے ملیں گے جبکہ پٹرول پر ڈیلرکو 8 پیسے فی لٹر اور ڈیزل پر 7 پیسے فی لٹر ملیں گے۔ مارجن کا نیا ریٹ یکم جولائی سے نافذ ہوگا۔
ای سی سی اجلاس