17 ارب روپے کی کرپشن کا ریفرنس، وکلائے صفائی میں تلخی، ڈاکٹر عاصم و دیگر پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی
کراچی (وقائع نگار) نیب کورٹ نے ڈاکٹر عاصم اور دیگر ملزموں کے خلاف17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کیس کی سماعت وکلا صفائی میں تلخ کلامی کے باعث 13 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ وکلائے صفائی کے درمیان گرما گرمی کے باعث فرد جرم عائد نہ ہو سکی ۔احتساب عدالت کراچی میں17 ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ وکلائے صفائی نے موقف اختیار کیا کہ فرد جرم عائد نہ کی جائے ۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ انہیں اعتراض ہے تو ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔ ہم نے تمام دستاویز فراہم کی ہیں ، ایسے کاغذات نہیں دے سکتے جن پر لکھا ہو کہ ملزم بے گناہ ہیں ۔ عدالت نے کہا کہ جوکاغذات نہیں ہیں، پراسیکیوشن ٹرائیل میں اس پر بات نہیں کرے گی۔ نیب پوری کونسلز فراہم کرے گی پھر فرد جرم عائد ہو گی۔ اس موقع پر ایک ملزم کے وکیل نے کہا ایسا کرنا قانونی خلاف ورزی ہو گی۔ پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو دیکھا جائے ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ واضح ہے، یہ کیس بدنیتی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ ملزم شعیب وارثی کے وکیل خواجہ شمس نے کہا کہ فرد جرم عائد کی جائے جس پر دیگر وکلائے صفائی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی۔
ڈاکٹر عاصم/ فرد جرم