ماں اور تھیلیسمیا کے حوالے سے عالمی دن جوش و خروش سے منائے گئے‘نواز‘ شہبازشریف اور عمران کے پیغامات
لاہور+ اسلام آباد (خبرنگار+ نیوز رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) لاہور سمیت دنیا بھر میں ماؤں کا دن جوش وخروش سے منایا گیا۔ بچوں اور بڑوں نے اپنے اپنے انداز میں ماؤں کے ساتھ محبت کا اظہار کیا۔ خبرنگار کے مطابق شہبازشریف نے ورلڈ مدرز ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا اس دن اپنی مائوں کو یہ احساس دلایا ہے وہ ان کیلئے ہمیشہ اہم تھیں‘ ہیں اور رہیں گی۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے، ماں کی عزت و تکریم کو یقینی بنائیں گے۔ مزید برآں سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا پیاری ماں جی میں زندگی بھر آپ کی محبت کا بدلہ نہیں چکا سکتا۔ اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا آج میری ماں میرا حقیقی اثاثہ ہے اور میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنی ماں کی وجہ سے ہوں۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیلیسمیا کا عالمی دن گزشتہ روز منایا گیا۔ اس حوالے سے لاہور اور دیگر شہروں میں مختلف تقاریب بھی منعقد ہوئیں جس میں طبی ماہرین نے بیماری سے متعلق شعور بیدار کرنے کی افادیت کو اجاگر کیا۔ آن لائن کے مطابق ملک بھر میں تھیلیسمیا کے مریض 25 لاکھ سے تجاوز کر گئے جبکہ سالانہ 6 ہزار بچے اس کا شکار ہو رہے ہیں تاہم سرکاری سطح پر قابل عمل اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو خون کی ترسیل ہر مہینے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا حکومتی سطح پر بہتر سے بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ تھلیسیما سے بچنے کیلئے ہمیں خود اقدامات کرنا ہوں گے۔ مرض سے بچنے کیلئے والدین کو بچوں کی شادی سے قبل تھلیسیما کا ٹیسٹ کرانا چاہئے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سعودی عرب سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے تھیلیسمیا ایک ایسی بیماری ہے جس سے پورا خاندان متاثر ہوتا ہے‘ مرض سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے معاشرہ مشکلات سے بچ سکتا ہے۔