بھارت ہمسایہ ممالک کیساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنے میں سنجیدہ ہے: نریندر مودی کا دعویٰ
نئی دہلی (کے پی آئی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بات کا دعویٰ کیاہے کہ بھارت اپنے سبھی پڑوس ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنے میں سنجیدہ ہے۔ میرا یہ مشن ہے کہ ملک کے سبھی پڑوسیوں کے ساتھ پر امن ماحول میں مذاکرات میں جاری رہیں۔ ایک انٹرویو میں بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت اپنے سبھی پڑوسی ملکوں کے ساتھ ملکر ترقی اور خوشحالی و امن کیلئے کام کرنے کی پالیسی میں یقین رکھتا ہے۔ بھارت اپنے سبھی ہمسایہ ملکوں کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتا ہے جس کیلئے وہ ہر طرح کی مدد دینے کیلئے تیار ہے۔ مرکز میں قائم بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی اس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت اپنے سبھی ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں سنجیدہ ہے۔ بھارت کے اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں لیکن بھارت ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے جس کیلئے بھارت کی خارجہ پالیسی بھی واضح ہے ۔