• news

لاس ویگاس: پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو میکسیکو کے کانیلو الواریز نے ناک آئوٹ کر دیا

لاس ویگاس (نوائے وقت نیوز+ بی بی سی) امریکی شہر لاس ویگاس میں باکسنگ کے بڑے مقابلے میں میکسیکن باکسر کانیلو الواریز نے پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو ناک آئوٹ کردیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی باکسر عامر خان اور میکسیکن باکسر کانیلو الواریز کا مقابلہ چھٹے رائونڈ میں ختم ہوا جب الواریز نے خان کو زوردار پنچ مار کر چاروں شانے چت کردیا۔ وہ دوبارہ اٹھ نہ سکے جس پر ریفری نے مقابلہ ختم کردیا۔ پاکستان نژاد باکسر عامر خان نے دو درجے اوپر آکر میکسیکن چیمپئن کو چیلنج کیا۔ الواریز نے عامر کے خلاف رفتار کا مقابلہ طاقت سے کیا اور مقابلہ جیت کر مڈل ویٹ چیمپئن شپ کا دفاع کر لیا۔ مقابلے کے بعد عامر خان نے کہا کہ میں چیمپئن بننے کا خواب لیکر رنگ میں اترا تھا مگر قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔ لیکن میں نے بھرپور کوشش کی۔ یہ چیلنج میرے سامنے آیا اور اس کو مسترد کرنا مشکل تھا۔ عامر خان نے اس وقت تسلیم کیا تھا کہ مقابلے میں وہ فیورٹ نہیں ہیں اور ان کے پاس اتنی طاقت نہیں ہے کہ اپنے حریف کو کوئی خاص چوٹ پہنچا سکیں۔ ناک آئوٹ ہونے سے پہلے عامر خان نے اپنی پھرتی اور رفتار سے چیمپئن الواریز کو مشکل میں ڈالے رکھا اور وہ پوائنٹس میں ان سے آگے تھے۔ 5 ویں رائونڈ میں الواریز کو عامر خان پر جوابی وار کرنے کا زیادہ موقع ملنا شروع ہوا اور چھٹے رائونڈ میں جب عامر اپنے چہرے سے بائیں ہاتھ کو ہٹایا تو الواریز نے چہرے کے ناکافی دفاعی حصار کو دیکھتے ہوئے طاقت سے بھرپور دائیں پنچ کو عامر کی ٹھوڑی پر دے مارا جس سے وہ چکرا کر رنگ میں گر گئے اور پھر اٹھ نہیںسکے۔ ریفری نے 23 سیکنڈ تک کائونٹ ڈائون کیا لیکن عامر میں دوبارہ اٹھنے کی سکت نہیں دکھائی دے رہی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن