متنازعہ بجٹ کی منظوری پر ضلع ناظم مردان اور نائب ناظم معطل
مردان (نامہ نگار) صوبائی حکومت نے متنازعہ بجٹ کی منظوری پر ضلع ناظم مردان اور نائب ناظم کو معطل کر دیا۔ معطل ضلع ناظم اور نائب ناظم نے فیصلے کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل میں سالانہ ترقیاتی بجٹ کی منظوری پر ضلعی حکومت اور اپوزیشن کے مابین اختلافات پیدا ہو گئے تھے اور بجٹ کی منظوری کے خلاف تحریک انصاف کے ضلع کونسل ممبران نے صوبائی حکومت کو تحریری درخواست دے ر کھی تھی جس میں ضلعی حکومت پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ بجٹ کی منظوری کے وقت ارکان کی تعداد پوری نہیں تھی اور ضلعی حکومت نے بجٹ منظور کر لیا جس پر صوبائی حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے اے این پی سے تعلق رکھنے والے ضلع ناظم حمایت اللہ مایار اور ضلع کنوینئر اسد کاشمیری کو معطل کر دیا۔ ادھر ضلع ناظم اور ضلعی کنوینئر نے صوبائی حکومت کے فیصلے کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے اور وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔