• news

بلوچستان : کالعدم بلوچ لبریش آرمی کے اہم کمانڈر احمد نواز نے ہتھیار ڈال دیئے

خاران/ کوئٹہ (آن لائن+ بی بی سی) بلوچستان کے ضلع خاران میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے اہم کمانڈر احمد نواز نے ہتھیار ڈال دئیے۔ ہتھیار ڈالنے کے موقع پر ایف سی حکام، سول انتظامیہ اور علاقے کے معززین موجود تھے۔ احمد نواز شرپسندوں کو بھرتی کر کے انہیں تربیت دینے کا کام کرتا تھا۔ احمد نواز نے ہتھیار ڈالتے وقت پاکستانی پرچم اوڑھا اور قومی ترانہ بھی پڑھا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق احمد نواز بی ایل اے کا اہم کمانڈر تھا جو شدت پسندوں کو اپنی تنظیم میں بھرتی کرتا تھا اور انہیں اسلحے کی تربیت بھی دیتا تھا اور وہ چارو کے پہاڑیوں میں شرپسندوں کا کیمپ چلاتا تھا۔ ترجمان ایف سی نے مزید کہا کہ احمد نواز بلوچستان کے علاقے نوشکی اور دالبندین میں بھی شرپسندی کے کیمپ چلاتا تھا تاہم انہوں نے پرامن طریقے سے اپنی مرضی کے مطابق شدت پسندی چھوڑ کر ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ دریں اثناءبلوچستان کے ضلع آواران سے اغوا ہونے والے لیویز فورس کے چار اہلکاروں کو چھوڑ دیا گیا تاہم اغوا کار ان کا اسلحہ اور گاڑی لے گئے ہیں۔ آواران میں انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ لیویز فورس کے 4 اہلکاروں کو اس وقت بزداد کے علاقے سے اغوا کیا گیا جب وہ فورس کی ایک گاڑی میں آواران سے گیشگور کی جانب جارہے تھے۔ آواران ہی کے تحصیل مشکے کے علاقے میں ایک اور واقعے میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ انتظامیہ کے مطابق نامعلوم افراد نے مقتول کو گھر سے باہر بلا کر گولی ماری۔
بلوچستان

ای پیپر-دی نیشن