پانامہ لیکس کو مہینہ گزر گیا، بات خطوط سے آگے نہیں بڑھی: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کو ایک ماہ گزر گیا مگر بات خطوط سے آگے نہیں بڑھی، ایک خط وزیر اعظم نے سپریم کورٹ کو لکھا اور دوسرا خط اپوزیشن نے وزیر اعظم کو لکھا اور کہیں سے بھی کسی کو کوئی جواب نہیں مل رہا۔ گذشتہ روز مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خط کا تمسخر اڑانے والا کرپٹ حکومتی ٹولہ لوٹ مار کا حساب دینے کی بجائے آنکھیں دکھا رہا ہے، جو حکمران اپنی کرسی کےلئے بے گناہوں کی جانیں لینے کو جرم تصور نہیں کرتے وہ خطوں سے کس طرح راہ راست پر آسکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس نے اس ڈاکو راج کو چیلنج کرتے ہوئے 14 نعشیں اٹھائیں اور آج دو سال گزر جانے کے بعد بھی تنہا انصاف کی جدوجہد کر رہے ہےں۔ پہلے بھی کہا تھا کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے، لگتا ہے ہماری اس قانون اور امن پسندی کا سفاک حکمران غلط مطلب نکال رہے ہیں۔ ہم کسی صورت خون کا بدلہ خون کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
طاہر القادری