ڈاکٹر عاصم نے اربوں روپے بھارت بھجوائے‘ میڈیکل سنٹر بھی زیرتعمیر ہے: نیب ذرائع
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ڈاکٹر عاصم کا بھارت میں گلوبل میڈیکل سنٹر زیرتعمیر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق پاکستان سے اربوں روپے بھارت بھجوائے گئے۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے بہنوئی نیشنل بنک کے افسر خالد بن شاہین کے ذریعے یہ رقم بھارت بھجوائی۔ منی لانڈرنگ یو اے ای ایکسچینج کے ذریعے کی گئی۔ یو اے ای ایکسچینج کے بھارتی مالک سنیل شیٹھی نے بیان قلمبند کرا دیا۔ احتساب عدالت میں ضمنی ریفرنس داخل کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ این این آئی کے مطابق سابق مشیر پٹرولیم اور آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین کی بھارت میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے بہنوئی نیشنل بنک کے افسر خالد بن شاہین کے ذریعے اربوں روپے منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوائے ہیں۔ نیب نے بھارتی شہری سنیل شیٹھی اور خالد بن شاہین کا بیان قلمبند کرکے ڈاکٹر عاصم کے خلاف احتساب عدالت میں ضمنی ریفرنس داخل کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے دبئی کے راستے اربوں روپے بھارت بھجوانے کے حوالے سے اہم شواہد حاصل کر لئے ہیں۔ ڈاکٹر عاصم حسین کا بھارت کے شہر بنگلور میں گلوبل میڈیکل سینٹر بھی زیرتعمیر ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ رقم ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے بہنوئی نیشنل بنک کے افسر خالد بن شاہین کے ذریعہ اربوں روپے منی لانڈرنگ کی۔ خالد بن شاہین نیشنل بنک آف پاکستان ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے پر فائز ہیں۔
نیب ذرائع