قرضے معاف کرانے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہو گا‘ عمرہ کر کے آتے ہی جھوٹ بولنے والے پاکستان پر رحم کریں : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے 31 ارب روپے کی لاگت سے بے روزگار نوجوانوں میں شفاف طریقے سے مےرٹ پر اپنا روزگار سکیم کے تحت 50 ہزار گاڑیاں تقسیم کرکے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے اور اس سکیم کے تحت تین لاکھ افراد کو براہ راست روزگار ملا ہے‘ گاڑیوں پر ریکوری تقریباً سو فیصد ہے۔ محنت اور جدوجہد کے ذریعے رزق حلال کمانے والے عظیم پاکستانی تو قرضے ادا کریں لیکن اربوں کھربوں کے اثاثے رکھنے والے آف شور کمپنیوں، محلات اور کارخانوں کے مالکان قرضے معاف کرا لیں تو یہ ملک و قوم کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لئے ایسے لوگوں کو انصاف اور احتساب کے کٹہرے میں لانا ہو گا جنہوں نے لوٹ مار ، کرپشن اور اربوں روپے کے قرضے معاف کراکر ملک کو کنگال کیا ہے تاکہ دنےا اور ان کی آئندہ نسلےں ےاد رکھےں کہ پاکستان کو ان ”بڑوں“ نے کس طرح کھوکھلا کےا ہے۔ اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے پر بھی بعض سیاستدانوں نے غلط بیانی کی۔ الزام تراشی اور دروغ گوئی سے قومیں نہیں بنتےں۔ حال ہی میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے ایک سیاستدان نے مری کے گھر پر 43 کروڑ روپے خرچ کرنے کا الزام لگایا ہے حالانکہ یہ رقم کسی کی ذاتی رہائش گاہ پر نہیں بلکہ گورنر ہا¶س مری پر خرچ کی جا رہی ہے۔ لٰہذا اس بارے میں جھوٹ بولنے والے خدا خوفی کریں۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ”اپنا روزگار سکیم“ کے تحت صوبے کے بے روزگار نوجوانوں میں 50 ہزار گاڑیوں کی تقسیم کی تکمیل کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کیا۔ اورنج لائن میٹروٹرین کے عوامی منصوبے پر میڈیا کے بعض حصوں اور بعض سیاستدانوں نے غلط بیانی سے کام لیا اور ایک سیاستدان نے تو مفاد عامہ کے اس منصوبے پر اربوں روپے کی الزام تراشی بھی کر ڈالی اگر ان کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائیں یا اپنے الزامات عدالت میں جا کر ثابت کریں - الزام تراشی اور دروغ گوئی سے قومیں توانا نہیں بنتیں۔ لیڈر کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ سچ بولے۔ لوگوں کو گمراہ کرنے کی بجائے ان کی رہنمائی کرے۔ 43 کروڑ روپے مری کے گھر پر خرچ کرنے کا الزام لگانے والے خدا خوفی کریں، آپ ابھی عمرہ کر کے آئیں اور جھوٹ بولنا شروع کر دیا ہے - یہ رقم کسی کی ذاتی رہائش گاہ پر نہیں بلکہ سرکاری گورنر ہا¶س پر خرچ کی جا رہی ہے۔ خدارا، پاکستان پررحم کریں ، آپ کے جھوٹ سے قائد اور اقبال کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی کہ ان کے پاکستان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ یہ وقت اتحادواتفاق کے ساتھ پاکستان کی خدمت کرنے اور اسے آگے لیجانے کا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میری میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ وہ غلط کو غلط ضرور کہیں تا ہم صحیح کو صحیح بھی کہیں - جہاں کرپشن ہو ، لوٹ مار کی گئی ہو اور کوئی کوتاہی ہو تو اسے ضرور سامنے لائیں لیکن جہاں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اچھا کام ہو اس کی بھی تحسین کی جانی چاہئے۔ اےک صوبے کے سیکرٹری کے گھر سے کروڑوں روپے برآمد کرنے والے اداروں کو شاباش دیتا ہوں۔ ہم نے ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے 215 ارب روپے بچائے ہیں- میں چیلنج کرتا ہوں کوئی لیڈر ، صحافی ، تجزیہ کار ، جج اور پولیس افسر اسے غلط ثابت کر دے تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میں مبینہ زیادتی کے بعد 3 سالہ بچی کو قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
شہبازشریف